ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوٹوں کو تبدیل کروانے میں دہلی کی عوام کے پسینے چھوٹ رہے ہیں

نوٹوں کو تبدیل کروانے میں دہلی کی عوام کے پسینے چھوٹ رہے ہیں

Sat, 12 Nov 2016 04:50:41    S.O. News Service

نئی دہلی، 11/نومبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)8 /نومبرکے اچانک اعلان کے ذریعہ 500اور 1000روپے کے چلن کو بند کئے جانے کے بعد اپنے پرانے نوٹوں کو نئے نوٹوں سے بدلوانے کے لیے آج بھی بینکوں کے باہر لوگوں کی لمبی لمبی لائنیں دیکھنے کو ملیں۔اس سے لوگوں کو خاصی پریشانیوں  کا سامنا کرنا پڑا، اس کے ساتھ ہی بہت ساری اے ٹی ایم میشن میں بھی پیسے نہیں تھے۔دہلی کی عوام کو اپنے پاس پیسے نہ ہونے کی وجہ سے روزمرہ کی چیزوں، ضروری اشیاء اور سبزیاں خریدنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پریشان بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے شہر کے اے ٹی ایم اور بینکوں میں نیم فوجی دستوں اور دہلی پولیس کے 3400اہلکار اور سریع الحرکت فورس کی 200ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ان میں سے بہت ساری اے ٹی ایم مشین کام نہیں کر رہی تھیں جبکہ مرکز نے 8/نومبر کو کہا تھا کہ دو دن بند رہنے کے بعد اے ٹی ایم جمعہ سے کام کرنا شروع کر دیں گے۔لوگوں کو اس وقت خالی ہاتھ لوٹنا پڑا جب سکیورٹی اہلکار نے کہا کہ اے ٹی ایم میں اب تک پیسے نہیں ڈالے گئے ہیں۔سنیتا داس نامی ایک خاتون نے کہاکہ میں پیسے بچاتی آ رہی تھی لیکن وہ اب کسی کام کے نہیں ہیں کیونکہ وہ 500اور 1000روپے کے نوٹ ہیں، میں بغیر نقد رقم کے دو دن سے اس انتظار میں کام چلا رہی تھی کہ آج سے اے ٹی ایم کام کرنے لگیں گے لیکن اب اے ٹی ایم کے بند ہونے کی وجہ سے مجھے اپنے پڑوسیوں سے پیسے قرضے لینے پڑے ہیں۔


Share: